پٹنہ:ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں 23 جون کو ہونے والی بی جے پی مخالف جماعتوں کی میٹنگ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار خود تیاریوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے پارٹی کے قومی صدر اور سینئر قائدین کو 23 جون کو اپوزیشن کے اجلاس کو کامیاب بنانے کا کام سونپا ہے۔ مذکورہ اجلاس میں 17 سے زائد اپوزیشن جماعتوں کے رہنماوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ سب کی نظریں راہل گاندھی، کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، ایس پی سپریمو اکھلیش یادو، این سی پی سپریمو شرد پوار، مہاراشٹر کے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے اور تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے سٹالن کی آمد پر لگی ہوئی ہیں۔
سیاسی ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ اپوزیشن پارٹیوں کا اتحاد بننے والا ہے جس میں کانگریس کلیدی کردار ادا کرے گی، اس لیے سب کی نظریں راہل گاندھی پر ہوں گی۔ اپوزیشن کا اجلاس سب سے پہلے 19 مئی کو منعقد کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی جب کرناٹک کابینہ کی حلف برداری میں کانگریس قائدین کی مصروفیت کی وجہ سے یہ میٹنگ منعقد نہیں ہوسکی تھی۔ راہل گاندھی کے غیر ملکی دورے کی وجہ سے ایک بار پھر اپوزیشن کی میٹنگ 12 جون کو ملتوی کر دی گئی تھی۔ اس وقت نتیش کمار نے کہا کہ کانگریس قیادت کی درخواست پر تقریب ملتوی کی گئی تھی۔ اس بار بہار کے وزیر اعلیٰ 2024 کے عام انتخابات سے قبل تاریخی میٹنگ کے لیے بھرپور تیاریوں کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔