گیا:ریاست بہار کے ضلع گیا میں واقع سرکاری مدارس میں ' مدرسہ جدید کاری ' منصوبے کے تحت عمارت کی تعمیر اور مرمتی کا کام شروع ہوگا ، اسکے لیے مدارس سے فہرست مانگی گئی ہے تاکہ کام کرایا جا سکے لیکن اس میں ضروری ہے کہ مدرسہ کے نام سے ایل پی سی ہو ' لینڈ پوزیشن سرٹیفکیٹ ' ہو، اگر جن مدرسہ کے پاس ایل پی سی نہیں ہے انہیں لازمی طور پر ایل پی سی کرانا ہوگا۔
مدرسہ قادریہ بھام نگر میں اس منصوبہ کے تحت کمروں کی تعمیر اور پرانی عمارت کی مرمتی کے لیے جانچ مکمل ہو چکی ہے اور بھام نگر کے مدرسہ قادریہ کی جانب سے ایل پی سی بھی مدرسہ کے نام کراکر پیش کردیا گیا ہے جبکہ ضلع کے بانکے بازار میں واقع منجری کے مدرسہ کی بھی رپورٹ بھیجنے کی کاروائی شروع کردی گئی ہے۔
اس حوالہ سے ضلع اقلیتی فلاح افسر راہل کمار نے بتایا کہ مدرسہ تجدید کاری منصوبہ کے تحت تیزی سے کام ہو رہا ہے اور اس کے تحت جن مدرسے نے درخواست دی ہے ان کی درخواست کاغذات کے ساتھ محکمہ اقلیتی فلاح بہار کو ارسال کردیا گیا ہے ، محکمہ سے جانچ کی ٹیم آتی ہے اور اس کی رپورٹ کے بعد آگے کی کاروائی ہوگی ، اُنہوں نے کہا کہ مدرسہ تجدید کاری منصوبہ بہار اقلیتی فلاح محکمہ کا ایک اہم منصوبہ ہے اور اس کے تحت مدرسوں کی حالت سدھرے گی ، ضلع میں سرکار سے منظور شدہ مدارس کی تعمیر و ترقی پر زور دیا جارہا ہے۔اس منصوبہ کو وزیراعکی نتیش کمار نے 2020 کے اسمبلی انتخابات سے قبل منظوری دی تھی ، اس کے تحت بہار مدرسہ ایجوکیشن بورڈ سے رجسٹرڈ مدارس کو ہی فائدہ پہنچایا جائے گا۔