کورونا کے کیسز میں بے تحاشہ اضافہ کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت نے بہار میں 12 گھنٹے طویل نائب کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ سبھی دکانوں کو شام 4 بجے ہی بند کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
کرائسس مینجمنٹ کی گروپ مٹنگ کے بعد محکمہ صحت کے پرنسپل سیکرٹری پرتئے امرت اور ترقیاتی کمشنر عامر سبحانی نے آن لائن پریس کانفرنس منعقد کی اور حکومت کے فیصلہ سے واقف کروایا۔ نائب کرفیو سے متعلق پابندیاں پبلک ٹرانسپورٹ، زراعت، صنعتی اداروں، تعمیراتی سرگرمیاں، طبی سہولت، ٹھیلے پر پھل یا سبزی فروخت کرنا، ریسٹورنٹ وغیرہ پر نافذ نہیں ہوں گی۔ ریسٹورینٹ سے کھانا گھر لے جانے اور منگوانے کی سہولت دستیاب رہے گی۔
وزیراعلیٰ نتیش کمار نے گذشتہ تین روز سے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے حالات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ نتیش کمار نے پٹنہ کی سڑکوں پر گھوم کر بھی حالات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام ڈی ایم اور ایس پی سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق ہفتہ میں دو روز مکمل لاک ڈاون نافذ کرنے سے متعلق غور و خوص کیا جارہا ہے۔ حکومت کی جانب سے ریاست بھر میں دفعہ 144 کو بھی نافذ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کے عہدیداروں کے علاوہ تمام ڈی ایم اور ایس پیز کو ہدایت دی کہ ’کورونا مریضوں کے علاج میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی نہ برتی جائے‘۔ یکم مئی سے 18 برس سے زیادہ عمر کے سبھی لوگوں کو ریاستی حکومت کی جانب سے مفت ویکسین دینے کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔