گیا:ریاست بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج ضلع گیا، اورنگ آباد، نوادہ، شیخ پورہ، جموئی اور نالندہ اضلاع کے مختلف بلاکس کا فضائی سروے کر کے حالات کا جائزہ لیا۔ اس دوران وزیر اعلیٰ نے افسران کو ضروری ہدایات بھی دیں۔
ہوائی سروے کے دوران وزیراعلی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ بارش کی کمی سے پیدا ہونے والی صورتحال پر گہری نظر رکھیں۔ ڈیزل گرانٹ اسکیم کے تحت کسانوں کو آبپاشی کے لیے ڈیزل گرانٹ کی صورت میں امداد دی جائے ، تمام ضرورت مند کسانوں کو اس منصوبہ کا فائدہ جلد اور کم وقتوں میں دیا جائے تاکہ انہیں راحت پہنچ سکے اور انکا نقصان کم سے کم ہو ۔ ساتھ ہی کسانوں کو 16 گھنٹے بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ہے ۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ بارش میں کمی کی وجہ سے دھان کی بوائی کی صورتحال کے بارے میں تازہ ترین معلومات حاصل کریں۔ سکریٹری محکمہ زراعت نے وزیر اعلیٰ کو بتایا کہ کم بارش والے اضلاع میں متبادل فصل کے لیے کسانوں میں مکئی کے مفت بیج تقسیم کیے گئے ہیں۔