نئی دہلی: مرکزی حکومت نے بہار حکومت کو ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری کرانے کے لیے ہری جھنڈی دینے کے پٹنہ ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی عرضیوں پر سپریم کورٹ کے سامنے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین کے تحت مرکز کے علاوہ کسی دوسرے ادارے کو مردم شماری یا ایسی کوئی کارروائی کرنے کا حق نہیں ہے۔
سپریم کورٹ میں داخل کردہ حلف نامہ میں مرکزی حکومت نے کہا کہ مردم شماری ایکٹ 1948 کے تحت صرف مرکزی حکومت کو مردم شماری کرانے کا اختیار حاصل ہے۔ مرکز کی طرف سے پیش ہوئے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے 21 اگست کو عدالت عظمیٰ میں عرض کیا تھا کہ بہار حکومت کی طرف سے شروع کیے گئے ذات پات کے سروے کا اثر پڑے گا۔ لہذا اسے (مرکز) کو حلف نامہ داخل کرنے کی ضرورت ہوگی۔ اسے سپریم کورٹ نے منظوری دے دی تھی۔
دو صفحات کے حلف نامے میں مرکزی وزارت داخلہ کے رجسٹرار جنرل کے دفتر نے کہا کہ مرکزی حکومت آئین کی دفعات کے مطابق ایس سی/ایس ٹی/ایس ای بی سی اور او بی سی کی ترقی کے لیے تمام مثبت اقدامات کرنے کے لیے پابند عہد ہے۔ حلف نامے میں کہا گیا ہے کہ مردم شماری ایکٹ 1948 صرف مرکزی حکومت کو مذکورہ ایکٹ کے سیکشن 3 کے تحت مردم شماری کرانے کا اختیار دیتا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ "مردم شماری ایک قانونی عمل ہے اور اسے مردم شماری ایکٹ 1948 کے تحت انجام دیا جاتا ہے۔ مردم شماری کا موضوع ساتویں شیڈول کے اندراج 69 کے تحت یونین لسٹ میں شامل ہے۔"