جنتا دل یونائیٹڈ کے قومی صدر نتیش کمار نے جمعرات کو چکائی، سوریہ گڑھ، بربگھہ اور پالی گنج اسمبلی حلقے میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) امیدواروں کی حق میں منعقد عوامی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ، 'کچھ لوگوں کو کچھ سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔کچھ بھی تجربہ نہیں ہے۔
اپنی شہرت کے لیے میرے بارے میں کچھ بھی بولتے رہتے ہیں۔ اگر ان کو ایسا بولنے سے تشہیر ملتی ہے تو کیجیے، میرا کام تو خدمت کرنا ہے اور خدمت ہی میرا مذہب ہے۔ موقع ملے گا تو آگے بھی خدمت کرتے رہیں گے۔'
نتیش کمار نے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) صدر و سابق وزیراعلیٰ لالو پرساد یادو اور ان کی اہلیہ رابڑی دیوی پر اشاروں میں طنز کیا اور کہا کہ، 'بہار کی ترقی کو عوام نے دیکھا ہے، ساتھ ہی یہ بھی جانتے ہیں کہ میاں بیوی کی حکومت کے 15 برسوں میں ریاست کی کتنی ترقی ہوئی۔'