ایسے ہی پریشان حال لوگوں کے لیے ضلع انتظامیہ نے پورے بھاگلپور شہر میں آٹھ مشترک رسوئی گھر کا انتظام کیا ہے اور انہیں میں سے ایک رسوئی گھر، گھنٹہ گھر کے پاس واقع ٹیچرس ٹریننگ کالج میں جاری ہے، جہاں روزانہ سینکڑوں لوگوں کے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔
اس رسوئی گھر میں صبح بارہ بجے سے دوپہر کے تین بجے تک اور شام چھ بجے سے رات دس بجے تک کھانا فراہم کیا جاتا ہے، کھانے کے لیے صبح دس بجے کے بعد سے ہی رکشہ اور ٹھیلا والوں کی یہاں بھیڑ لگ جاتی ہے۔
بھاگلپور میں جاری مشترک رسوئی گھر کی خوب ہورہی ہے تعریف متعلقہ افسران نے یہاں کھانے کا بہترین نظم کر رکھا ہے خاص طور پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جاتا ہے۔ یہاں کا منظر دیکھ کر شاید ہی کوئی یقین کر پائے کہ یہ سرکاری مشترک رسوئی ہے۔ میز کرسی ایک ایک میٹر کے فاصلے پر رکھے گئے ہیں یہاں کھانا کھانے والے لوگ کھانے کے معیار کی بھی تعریف کرتے ہیں۔
بہت سے لوگ یہاں آکر پکا ہوا کھانا بھی کھاتے ہیں اور اس کے علاوہ یہاں آنے والے افراد اپنے معذور گھر والوں کے لیے کھانا پیک کرا کر بھی لے جاتے ہیں۔ ساتھ ہی ضلع انتظامیہ اپنی گاڑی سے کئی تھانوں میں واقع غریب محلوں میں بھی کھانا تقسیم کرتی ہے۔ انتظامیہ کی یہ کوشش ہے کہ اس لاک ڈاؤن میں کوئی بھی بھوکا نہ رہے۔