ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ میں امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیر اہتمام پارا میڈیکل کالج کی ایک جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی جس کی صدارت نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے کی۔
اس میٹنگ میں پارا میڈیکل کارکنان کے ساتھ امارت شرعیہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ کے سکریٹری مولانا سہیل احمد ندوی، ایڈمنسٹریٹر سید نثار احمد، قائم مقام ناظم مولانا شبلی قاسمی، نائب ناظم مولانا ثناء الہدی قاسمی، مفتی سہراب ندوی نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ پارا میڈیکل کالج کے جملہ امور کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔ کالج کے ایڈمنسٹریٹر سید نثار احمد نے بتایا کہ 'لاک ڈاؤن کے ضابطہ کا خیال رکھتے ہوئے تعلیمی سلسلہ جاری ہے، اساتذہ دلجمعی سے کلاس لے رہے ہیں اور طلبہ کی حاضری بھی ضابطہ کے مطابق ہو رہی ہے۔
ٹیکنیکل اداروں میں بھی بنیادی دینی تعلیم کا خیال رکھا جائے: نائب امیر شریعت فیزیوتھیراپی اور ڈی ایم ایل ٹی، ڈگری کورس اور ڈپلومہ کورس میں تعلیم اطمینان بخش ہو رہی ہے، ریڈیولوجی میں جلد ہی اشتہار نکال کر داخلہ کی کارروائی شروع کر دی جائے گی۔
اس موقع پر کالج کے اساتذہ نے بعض امور کی جانب توجہ دلاتے ہوئے نائب امیر شریعت سے اسے جلد سے جلد پورا کرنے کی گزارش کی جس پر نائب امیر نے ان کے مطالبات کو جلد پورا کر لینے کی یقین دہانی کرائی۔
یہ بھی پڑھیں: کشمیر کے معروف افسانہ نگار سید مخمور حسین بدخشی انتقال کر گئے
اس موقع پر نائب امیر شریعت حضرت مولانا شمشاد رحمانی قاسمی نے کہا کہ 'ہمارے ٹیکنیکل ادارے دوسرے اداروں کی طرح نہیں ہیں، ہمارے بچوں کی تعلیم و تربیت اس انداز سے ہونی چاہئے کہ وہ ایک اچھے انسان اور اعلیٰ اخلاقی اقدار کے ساتھ زندگی گزار سکیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'تمام عصری تعلیمی اداروں میں حسب سابق بنیادی دینی تعلیم کا اہتمام جاری رکھا جائے، طلباء اساتذہ سب باجماعت نمازوں کا اہتمام کریں، شریعت پر عمل کے ساتھ ہم لوگ کام کو آگے بڑھائیں گے تو اللہ کی نصرت شامل ہوگی اور غیب سے مدد آئے گی۔ آخیر میں نائب امیر شریعت کی دعا پر نشست اختتام پذیر ہوئی۔