بھاگلپور:ریاست بہار میں بھاگلپور ضلع کے ناتھ نگر تھانہ علاقے میں لگی زبردست آگ میں تقریباً 100 مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ اس علاقے کے اجمیری پور گاؤں میں کھانا پکانے کے دوران اٹھی چنگاری کی وجہ سے ایک گھر میں آگ لگ گئی اور جلد ہی اس کے شعلوں نے آس پاس کے مکانات کو اپنی زد میں لے لیا اور تقریباً سو مکانات جل کر خاکستر ہوگئے۔ ذرائع نے بتایا کہ گاؤں والوں سے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ناتھ نگر اور بھاگلپور سے فائر بریگیڈ کی چھ سے زائد گاڑیاں موقع پر پہنچیں اور طویل مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس خطرناک آگ میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ لیکن بڑے پیمانے پر اناج اور سامان کا نقصان ہوا ہے اور دو ہزار سے زیادہ لوگ بے گھر ہو گئے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ مقامی اور ضلع سطح کے افسران موقع پر پہنچے اور متاثرہ لوگوں کے درمیان راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا ہے۔ وہاں فوری طور پر اجتماعی کچن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ آگ کی بھڑکتی ہوئی شکل دیکھ کر گاؤں کے لوگوں میں آگ بجھانے کی ہمت نہیں ہو رہی تھی۔ پورے گاؤں میں افراتفری کا ماحول تھا۔ یہاں واقعہ کے بعد فائر بریگیڈ کی نصف درجن گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئی۔ واقعہ کے بعد لوگوں میں بھگدڑ مچ گئی۔ وہیں گزشتہ روز پٹنہ کے ویسٹ بورنگ کینال روڈ پر واقع ایک ریستوران میں آگ لگ گئی۔ آگ لگتے ہی اپارٹمنٹ میں موجود دیگر دکانوں سے لوگ باہر نکل آئے۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔ ریسٹورنٹ کے کارکنوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔ واقعہ کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا۔ اس آتشزدگی میں ریسٹورنٹ کا فرنیچر جل کر راکھ ہو گیا۔