کسی بھی چیز کو جمع کرنے کا اپنا ایک الگ ہی مزہ ہوتا ہے۔ انسان اپنے شوق کے لیے کچھ بھی کر گرزرتا ہے پھر وہ شوق جنون بن جاتا ہے۔ شوق میں کوئی ماچس کی ڈبیا، کوئی ڈاک ٹکٹ تو کوئی سکے جمع کرتا ہے۔ لیکن بہار کے دارالحکومت پٹنہ کے اشوک راج پتھ کے رہنے والے آصف وصی ایسے شخص ہیں جن کا شوق بالکل مختلف ہے۔ آصف کو کار، بائک، ہوائی جہاز، سائیکل اور رکشا کے ڈائی کاسٹ ماڈلز جمع کرنے کا شوق ہے۔ ان ماڈلز کو انہوں نے دنیا کے کئی ممالک سے منگوایا ہے۔ وہ گزشتہ تقریباً 25 برسوں سے ان ماڈلز کو اکٹھا کر رہے ہیں اور ان کا یہ شوق آج بھی جاری ہے۔ گاڑیوں کے ڈائی کاسٹ ماڈلز کے شوقین آصف وصی بچپن سے ہی پیپرز اور میگزینس سے کاروں اور بائیک کی تصاویر کاٹ کر اپنے پاس رکھتے تھے۔ بچپن گزرا اور ہوش سنبھالا تو ان کا یہ شوق جنون بن گیا۔ آج ان کے پاس لاکھوں روپے مالیت کے تقریباً 10 ہزار ڈائی کاسٹ ماڈل دستیاب ہیں، جن میں ملک اور بیرون ملک کی معروف کمپنیوں کی کاریں، طیارے، بائک اور سائیکلز کے ماڈلز شامل ہیں۔ Passion for Collecting Diecast Models
دس ہزار ڈائی کاسٹ ماڈل دستیاب:آصف وصی کو بچپن سے ہی گاڑیوں کا بہت شوق تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ بچپن میں جب وہ پیپرز میں ان گاڑیوں کی تصویریں دیکھتے تھے تو انہیں کاٹ کر نکال لیتے تھے اور رفتہ رفتہ یہ شوق جنون میں بدل گیا، حالانکہ تب اسے معلوم نہیں تھا کہ تمام کمپنیاں گاڑیوں کے ڈائی کاسٹ ماڈل بھی بناتی ہیں۔ اس بات کی معلومات ملتے ہی آصف وصی نے انہیں اکٹھا کرنا شروع کر دیا۔ ملک اور بیرون ملک جہاں کہیں بھی ڈائی کاسٹ ماڈلز کے بارے میں معلومات دستیاب ہوتیں وہ انہیں خرید لیتے ہیں۔ آج ان کے پاس ڈائی کاسٹ ماڈلز کے ساتھ تقریباً دس ہزار مختلف قسم کی گاڑیاں دستیاب ہیں۔