ریاست بہار کے ضلع گیا کے کونچ بلاک میں واقع ایک گاؤں میں اے ایس ڈی ایم نے نابالغ بچے اور اس کے والد پر اپنی بیوروکریسی کا رتبہ دکھا کر غنڈوں جیسی حرکت کی۔ معمولی غلطی پر اے ایس ڈی ایم نے بچے اور اس کے والد کو سر عام تھپڑ مارا۔
اے ایس ڈی ایم کی دادا گیری کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ضلع مجسٹریٹ نے ٹکاری کے ایس ڈی او کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
دراصل ضلع گیا کے کونچ بلاک میں تفتیش کے لئے آئے افسر نے ستیندر یادو اور اس کے نابالغ بیٹے کو کئی تھپڑ رسید کردیا۔ دراصل بچے کا قصور صرف اتنا تھا کہ اس کا ہاتھ اتفاقی طور پر افسر کے ہاتھ سے لگ گیا تھا جس کی وجہ سے افسر کا موبائل نیچے گر گیا۔
پھر کیا ہوا افسر کا پارا گرم ہوگیا اور انہوں نے پہلے تو بچے کو پیٹا لیکن جب اس کے والد نے ان سے اپنے بیٹے کومارنے کی وجہ پوچھی تو اے ایس ڈی ایم صاحب کا پارا ساتویں آسمان پر پہنچ گیا اور غصے میں آگ بگولہ ہوکر بچے کے والد کو بھی پیٹا۔