دو روزہ پروگرام کی تیاری کے لیے ضلع کلکٹر بیجناتھ یادو کی صدارت میں ایک اہم نشست ضلع کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں منعقد ہوئی۔
ارریہ: دو روزہ رنگا رنگ 'یوا مہتسو' کے لیے میٹنگ اس نشست میں ضلع کے مختلف حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور پروگرام کو کامیاب بنانے پر غور و خوض کیا۔
نشست میں شامل لوگوں نے پروگرام کی کامیابی کو لے کر اظہار خیال کرتے ہوئےکہا کہ یہ پروگرام سال میں ایک مرتبہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے منعقد ہوتا ہے، اس طرح کے پروگرام میں ہمیں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔
اس موقع پر سماجی کارکن ستیندر شرن نے کہا کہ ارریہ کے نوجوانوں کے لیے یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس پر وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر کے آگے بڑھ سکتے ہیں۔
اس پروگرام کو منعقد کرنے کے لیے محکمہ فن و ثقافت کی جانب سے ضلع انتظامیہ کو ایک لاکھ روپے دئے گئے ہیں۔
پروگرام میں فاربس گنج سب ڈویژن اور ارریہ سب ڈویژن سے پہلے طلباء و طالبات کا اسکولی سطح پر انتخابی مقابلہ ہوگا، اس کے بعد جن طلباء کا انتخاب ہوگا وہ 20 اور 21 نومبر کو ہونے والے اس پروگرام میں اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
اس سلسلے میں ضلع کلکٹر بیجناتھ یادو نے کہا کہ اس پروگرام میں جن بچوں کی کارکردگی اچھی ہوگی اسی بنیاد پر دوبارہ ماہ دسمبر میں ریاستی سطح پر موتیہاری میں ہونے والے پروگرام میں وہ ارریہ ضلع کی نمائندگی کریں گے اس لیے اساتذہ کرام طلباء و طالبات کی بہتر انداز میں تیاری کرائیں۔
اس پروگرام میں لوک گیت، ڈرامہ، تصویری مقابلہ، شہنائی، سارنگی، ہاتھ سے بنی مختلف اشیا، لوک گاتھا، طبلہ، بانسری مقابلہ وغیرہ شامل ہیں۔
وہیں اس پروگرام کے کوآرڈینیٹر اور ضلع کھیل آفیسر شمبھو کمار نے کہا کہ تیاری کو لیکر کئی مختلف کمیٹی بنائی گئی ہیں اور ہمیں امید ہے ہر برس کی طرح اس مرتبہ بھی پروگرام سے لوگ لطف اندوز ہوں گے۔