مخدو درویش اشرف کے آستانے پر دو مارچ سے امڈی گا عقیدت مندوں گا ہجوم گیا: حضرت مخدوم سیدنا درویش اشرف رحمت اللہ علیہ کا آستانہ اور خانقاہ ریاست بہار ضلع گیا کے بیتھو شریف میں واقع ہے۔ دو مارچ سے حضرت مخدوم سیدنا شاہ درویش اشرف رحمتہ اللہ علیہ کے 542 ویں پانچ روزہ عرس کا آغاز ہوگا۔ خانقاہ درویشیہ اشرفیہ چشتیہ کے سجادہ نشین حضرت سید شاہ رباب اشرف نے ای ٹی وی بھارت سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ لگ بھگ پونے چھ سو سال پہلے مخدوم درویش اشرف رحمۃ اللہ علیہ ضلع میں آئے تھے۔ جس وقت وہ یہاں تشریف لائے تھے، اس وقت یہ علاقہ جہالت میں ڈوبا ہوا تھا۔ یہاں مخدوم نے علم کی شمع روشن کی۔ انہوں نے امتیازی سلوک اور رویہ کو ختم کیا اور سبھی کو مل جل کر ساتھ میں رہنے کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں آستانے پر ہر برس تزک و احتشام کے ساتھ عرس منانے کی روایت رہی ہے۔ ان سے پہلے کے سجادگان نے بھی یہاں نمایاں طور پر عرس کی تمام تقریبات کو انجام دیا جس کی روشنی میں اس برس بھی اسی عقیدت اور احترام کے ساتھ عرس کی تقریبات منعقد ہوں گی۔ عرس کے موقع پر ملک و بیرون ملک سے عقیدت مند شامل ہوتے ہیں جن کے ٹھہرنے سے لے کر دیگر انتظامات کیے جاتے ہیں۔
دو مارچ سے شروع ہوکر چھ مارکو ختم ہوگا:
انتظامیہ کے مطابق دو مارچ بروز جمعرات کی رات میں غسل شریف وصندل پوشی مزار اقدس حضرت مخدوم سید شاہ درویش اشرف رحمۃ اللہ علیہ بدست سجادہ نشین حضرت سید شاہ ارباب اشرف ہوگا۔ تین مارچ سے چھ مارچ تک غسل شریف کا پانی بطور تبرک درگاہ شریف کے اندر خادم کی معرفت تقسیم ہوگا۔ 3 مارچ جمعہ ڈیڑھ بجے دن کو روانگی قافلہ زائرین و حاجت مندان درگاہ بیتھو شریف سے درگاہ حضرت مبارک اشرف رحمۃ اللہ علیہ گنوبیگہ و املی درگاہ برائے حاضری قل و چادر پوشی، چار مارچ بروز سنیچر بعد نماز مغرب محفل سماں، رات دس بجے خرقہ پوشی وقل شریف ،بعد قل چادر پوشی گلپوشی اور محفل سماں قبل اذان فجر تک ، عوامی اسٹیج کی قوالی ساڑھے دس بجے رات سے قبل اذان فجر تک اس کے علاوہ دیگر پروگرام حسب سابق پانچ ایام تک ہوں گے جبکہ چھ مارچ کو دعائیہ مجلس پر عرس کا اختتام ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:Maulana Arshad Madani in Patna مولانا ارشد مدنی اور وزیر داخلہ امت شاہ پٹنہ میں، حفاظت کے سخت انتظامات
انتظامیہ کی جانب سے سڑک کی تعمیر:
حضرت مخدوم درویش اشرف کے عرس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ کی جانب سے بھی تیاری شروع کر دی گئی ہے ۔گیا پٹنہ اہم شاہراہ موڑ سے آستانے کو جانے والی سڑک پختہ کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ ضلع کی جانب سے عقیدت مندوں کے لئے پینے کے پانی کا ٹینکر وغیرہ کا انتظام ہوگا۔ ساتھ ہی یہاں پولیس جوانوں کی تعیناتی بڑی تعداد میں ہوگی۔ چونکہ عرس کی تاریخ سے متصل دنوں میں ہولی تہوار بھی ہے۔ ایسے میں یہاں احتیاط کے طور پر سخت حفاظتی انتظامات ہوںگے