گیا:انجمن ترقی اردو گیا ضلع اکائی کی جانب سے اردو بیداری کانفرنس کا اہتمام الحمد اسلامک اسکول نگمتیہ روڈ میں کیا گیا۔ جس کی صدارت انجمن ترقی اردو بہار کے سکریٹری عبدالقیوم انصاری نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر سید شاہ ارباب اشرف سجادہ نشیں بیتھو شریف اور مشہور فکشن رائٹر احمد صغیر موجود تھے۔ اس کانفرنس کی نظامت فیضان مصطفی نے کی ۔پروگرام کا باضابطہ آغاز کلام پاک کی قرات سے کیا گیا۔
اس کے بعد الحمد اسلامک اسکول کے ڈائریکٹر میم نازش نے شال اور گلدستہ سے مہمانوں کا استقبال کیا۔انجمن ترقی اردو گیا کے صدر ڈاکٹر عبدالسلام نے انجمن ترقی اردو کا تعارف کرایا اور بیداری کانفرنس کی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر احمد صغیر نے اپنی تقریر میں کہا کہ اردو کے فروغ کے لیے اپنے بچوں کو اردو کی تعلیم دلوائیں اور بچوں کو اردو کی تعلیم کی طرف راغب کریں تبھی اردو کا بھلا ہوگا ، اس کے بعد عائشہ جبیں اور نازیہ شہاب اصلاحی اکیڈمی کی طالبات نے اردو زبان پر اظہار خیال کیا۔
آر جے ڈی رہنماء محمد شکیل نے ایک نظم سنائی ، جبکہ ایڈوکیٹ مسعود منظر نے کہا کہ ہمیں جھوپڑیوں میں رہنے والے بچوں کے بیچ جا کر اردو پڑھانا ہوگا اور کوشش کرنی ہوگی اُردو ہر جگہ عام ہو ، ساتھ ہی ان بچوں کو بھی اُردو پڑھنے پر زور دینے کی ضرورت ہے جو بڑے اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں ، طارق سلام نے اردو کے فروغ میں مدارس کے کردار پر اپنا مضمون پیش کیا۔