بہار کے گیا میں "یوم خواتین" کے موقع پر آنگن واڑی ورکرز نے اپنے مطالبات پر ریاستی حکومت کے خلاف احتجاج کیا اور زور دار نعری بازی کی۔
اس دوران احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے مدھو کماری نے کہا کہ 'ریاست میں وزیر اعلی نتیش کمار اور وزیر مالیات کی ہدایت پر ایک طرف عالمی یوم خواتین منایا جارہا ہے۔ وہیں، دوسری جانب بہار میں خواتین کے حقوق چھینے جارہے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ خواتین حقوق کی بازیابی کیلئے خاتون افسران بھی آگے نہیں آتی ہیں بلکہ ان کے ذریعہ بھی خواتین کے حقوق کو سلب کیا جارہا ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے آج ہم ورکرز یوم خواتین کے موقع پر احتجاج کے ذریعہ حکومت کی توجہ اپنی جانب مبذول کرانے کی کوشش کررہے ہیں۔
مدھو کماری نے کہا کہ 'حکومت ان کے مطالبات کو اگر پورا نہیں کرتی ہے تو احتجاج کو مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مطالبہ ہے کہ آنگن واڑی ورکرز کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے، کم از کم بیس سے اٹھائیس ہزار روپے کیے جائیں تاکہ انہیں مالی تنگیوں سے نجات مل سکے۔
اس موقع پر یونین کے ضلع کارگزار صدر دیانند سنگھ نے کہا کہ بہار حکومت اگر آنگن واڑی ورکرز کی نوکری کو مستقل نہیں کرتی ہے تو کم ازکم ان کی تنخواہ میں اضافہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ 'حکومت یوم خواتین کے موقع پر خواتین کو بااختیار بنانے اور خود مختاری پر زور دے رہی ہے لیکن حکومت کو آنگن واڑی ورکرز کا درد اور مسائل نہیں دکھتے، جب تک نیچے سطح پر کام کرنے والی خواتین کے حقوق کی بازیابی کیلئے ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جائیں گے تب تک خواتین کو بااختیار بنانے کا خواب مکمل نہیں ہوگا۔