گیا:ریاست بہار کے گیا میں 'الوداع جمعہ' کی نماز شہر کی مختلف مساجد میں ادا کی گئی۔ سجدہ ریزوں نے خشوع وخضوع کے ساتھ نماز ادا کی اور اس مقدس دن کے صدقے میں اپنے گناہوں کی مغفرت اور عذاب جہم سے نجات کے علاوہ نیکی کرنے اور تجارت میں برکت کی دعا مانگی۔ جمعة الوداع کو لے کر جمعہ کو بارہ بجے سے مساجد کے علاوہ گھروں میں بھی الوداع کی نماز کو لے کر خصوصی تیاری کی گئی۔
ضلع گیا میں آج الوداع جمعہ کی نماز پُرامن ماحول میں ادا کی گئی۔ صبح سے ہی رمضان المبارک کے آخری جمعہ کی نماز کی تیاریاں شروع ہو گئی تھیں۔ گھروں کی صفائی کے بعد لوگ غسل وغیرہ سے فراغت کے بعد عبادت میں لگ گئے تھے۔ الوداع جمعہ کی نماز کی وجہ سے نمازیوں کے ازدہام امڑنے لگے۔ بھیڑ کو دیکھتے ہوئے لوگ ایک دو گھنٹہ پہلے ہی مساجد میں جگہ محفوظ کرنے کے لئے پہنچنے لگے تھے۔
چلچلاتی اور تیز دھوپ کے ساتھ لہر کی تپش کے باوجود 12 بجے سے ہی لوگ مساجد کا رخ کرنے لگے تھے۔ پولیس لائن مسجد، حضرت پیر منصور مسجد، جامع مسجد، چھتہ مسجد، پنهر مسجد، كريم گنج، نیو كريم گنج، علی گنج، گیوال بگہا، نادرہ گنج، باری روڈ، نواگڑھی، اقبال نگر، پنچائتی اکھاڑا سمیت دیگر مساجد میں نماز سے پہلے ہی سجدہ ریزوں کی بھیڑ پہنچ گئی تھی۔ مختلف مساجد میں مختلف اوقات پر الوداع کی نماز ادا کی گئی