گیا: آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے صوبائی صدر اور رکن اسمبلی اختر الایمان نے فلسطین کے تعلق سے بھارت سرکار سے اپنا موقف واضح کرنے کی مانگ کی ہے۔ انہوں نے آج ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ باتیں کہی ہیں۔ اختر الایمان نے کہا کہ مرکزی حکومت کا فلسطین کے تعلق سے کوئی واضح موقف نہیں ہے۔ اسرائیل کی بربریت صرف ایک مذہب کے خلاف نہیں بلکہ پوری انسانیت کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں اسرائیلی حکومت کی بربریت اور ظلم و تشدد کے خلاف احتجاج ہو رہا ہے۔ ہم اپنی حکومت سے اپیل کرنا چاہیں گے کہ وہ اسرائیل جیسی ظالم حکومت کے تئیں نرم رویہ سے بعض آئے اور مظلوم فلسطینیوں کے حق میں اپنا نظریہ واضح کرے۔
اختر الایمان نے کشن گنج انجمن اسلامیہ میں منعقدہ احتجاجی جلسہ و دعائیہ مجلس میں شرکت کرنے پہنچے تھے۔ اس دوران انہوں نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ کو فوری بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور کہا کہ بھارتیہ حکومت کو اس میں پہل کرنی چاہیے کہ وہ اسرائیل پر دباؤ بنائے۔ وزیراعظم نریندر مودی اسرائیل کے وزیراعظم سے اپنی قربت اور دوستی کا حوالہ دیتے ہیں تو وہ اس دوستی کا حوالہ دیکر انسانیت کی خاطر اپنے فرض اور حق کو نبھائیں۔