پٹنہ: بہار میں عظیم اتحاد حکومت قائم ہونے کے ساتھ آبادی کے تناسب سے ایک نائب وزیر اعلیٰ مسلم طبقہ سے بھی بنائے جانے کا مطالبہ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے ریاستی صدر اخترالایمان نے پٹنہ میں واقع سرکاری رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ابھی جس اتحاد کی حکومت ہے، اس میں سب سے زیادہ ووٹ فیصد مسلمانوں کا ہے، انتخاب کے وقت تو مسلمانوں کو لبھانے کے لئے آر جے ڈی پارٹی کی طرف سے کئی طرح کے دعوے کئے گئے، مگر اصل امتحان اب ہے کہ جب آر جے ڈی اقتدار پر قابض ہو گئی ہے تب اسے مسلمانوں کی ترقی فلاح و بہبود کی فکر ہے یا نہیں۔
اخترالایمان نے کہا کہ تیجسوی یادو نے انتخاب کے وقت دس لاکھ نوکری دینے کی بات کہی تھی، ہمارا مطالبہ ہے کہ دس لاکھ میں سے ڈیڑھ لاکھ نوکری سیمانچل کے لوگوں کے لیے مختص کئے جائیں، کیونکہ تیجسوی یادو نے وعدہ کیا تھا کہ اقتدار میں آتے ہی سیمانچل آیوگ کمیٹی کی تشکیل کر اسے خصوصی پیکج دیں گے، سیمانچل میں مسلمانوں کی بڑی تعداد ہے، جو معاشی اور اقتصادی اعتبار سے بہت کمزور ہے۔ ایسے میں اگر ڈیڑھ لاکھ نوکری سیمانچل کے نوجوانوں کو ملے گی تو بہت حد تک جو نوجوان بے روزگاری سے جوجھ رہے ہیں، انہیں انصاف مل سکے گا۔