ریاست بہار کے ضلع گیا میں تاجر کو گولی مار کر فرار ہونے والے ملزمین کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ساتھ ہی ان کے پاس سے اسلحہ، ڈالر، گانجہ اور اے ٹی ایم کارڈ وغیرہ برآمد ہوئے ہیں۔ گھر پر قبضہ کرنے کے لئے تاجر کو گولی مارنے کا کانٹریکٹ بدمعاشوں نے لیا تھا۔
جمعہ کی شام کو شہر گیا کے کوتوالی تھانہ کے گردوارہ روڈ میں واقع راج کمار پرساد کے گھر میں داخل ہوکر بدمعاشوں نے فائرنگ کی تھی جس میں راج کمار کے بھائی ونود پرساد زخمی ہو گئے تھے۔ واردات گھر پر قبضہ کرنے کے لئے انجام دی گئی تھی اور اس کے لئے ایک دوسرے تاجر ٹنکو نے خونخوار بدمعاش لیفٹی یادو کانٹریکٹ دیا تھا۔
پولیس نے واردات کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ایس ایس پی راجیومشرا کی ہدایت پر پولیس کی ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تاکہ ملزمان کی گرفتاری یقینی ہوسکے۔ پولیس کی ٹیم نے کاروائی کرتے ہوئے مفصل تھانہ حلقہ سے اہم ملزم شوبھم عرف لیفٹی یادو اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کیا ہے، لیفٹی یادو ایک پیشہ ورانہ بدمعاش ہے، درجنوں مقدمات میں لیفٹی ضمانت پر باہر تھا، لیفٹی اور اس کے ساتھی لیوی، لوٹ، ڈاکہ زنی، اے ٹی ایم چوری، قتل جیسے سنگین واردات کوانجام دیتے تھے۔