گیا: بہار کے ضلع گیا میں ایک نوجوان کو پولیس نے گرفتار کیا ہے۔ اس پر سوشل میڈیا پر ایک دوسرے فرقے کے خلاف متنازع پوسٹ کرنے کا الزام ہے، چندوتی تھانہ کی پولیس نے ایس ایس پی کی ہدایت پر ملزم کو گرفتار کر جیل بھیج دیا ہے۔ گرفتار شدہ نوجوان شہر گیا کے کٹاری محلہ کے رہنے والے محمد اختر حسین کا بیٹا محمد شہباز حسین ہے، اس پر گزشتہ ایک اگست کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کیس درج کیا گیا تھا۔
ایس ایس پی آشیش بھارتی نے بتایا کہ متنازعہ پوسٹ اور ویڈیو فوٹو وغیرہ پر ضلع پولیس کی سائبر ٹیم نگاہ رکھ رہی ہے، پولیس متنازع چیزوں کو کسی بھی حالت میں برداشت نہیں کرے گی۔ شہباز کی جانب سے انسٹاگرام پر ویڈیو ڈالی گئی تھی، اس سے دوسرے طبقہ کے جذبات بھڑک سکتے تھے، اس لئے پوسٹ کو دیکھنے کے بعد مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتار کیا گیا ہے۔ اُنہوں نے ضلع کے باشندوں سے اپیل کی کہ وہ سوشل میڈیا پر کوئی متنازع پوسٹ ہرگز نہیں کریں، پولیس کی ٹیم مسلسل متحرک ہے اور سوشل میڈیا پر نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ کسی طبقہ برادری کا ہو یا بڑی شخصیت ہو اگر وہ معاشرہ میں نفرت پھیلائے گا تو اس کے خلاف کاروائی یقینی طور پر ہوگی۔