بہار کے ارریہ میں ایک دل دہلانے والا واقعہ پیش آیا ہے۔ دراصل ارریہ کے بھرگامہ پنچایت میں وارڈ نمبر 10 میں دو بھائیوں کے درمیان ہوئے جھگڑے میں چھوٹے بھائی نے بڑے بھائی کو کدال سے کاٹ کر قتل کر دیا۔ قتل کے بعد قاتل بھائی موقع سے فرار ہو گیا جس کی گرفتاری کے لئے پولس چھاپہ ماری کر رہی ہے۔
اس واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔
اطلاع کے مطابق راج کمار ساہ اور جے کمار ساہ کے درمیان کھیت میں پانی پٹانے کو لے کر معمولی کہا سنی ہوئی، راج کمار ساہ اپنے چھوٹے بھائی جے کمار ساہ کے بورنگ میں مشین لگا کر اپنے کھیت کی سینچائی کر رہا تھا۔ چھوٹے بھائی نے اس کی مخالفت کی۔
پھر دیکھتے ہی دیکھتے دونوں بھائی کے درمیان جھگڑا شروع ہو گیا۔ جھگڑا اس قدر بڑھ گیا کہ 46سالہبڑے بھائی راج کمار پر چھوٹے بھائی نے کدال سے حملہ کر کے شدید طور سے زخمی کر دیا، اس کے بعد گولی مار دی۔ واردات انجام دینے کے بعد قاتل بھائی وہاں سے فرار ہو گیا۔