پٹنہ:ریاست بہار کے دارالحکومت پٹنہ کےحج بھون کے کانفرنس ہال میں مفت ووکیشنل کورس کے بعد ملازمت حاصل کرنے والے طلباء کے اعزازی پروگرام منعقد ہوا جس میں بہار کے چیف سکریٹری عامر سبحانی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اس موقع پر چیف سکریٹری عامر سبحانی، اقلیتی فلاح کی پرنسپل ڈاکٹر سفینہ، سنی وقف بورڈ کے چیئرمین الحاج ارشاد اللہ کے ہاتھوں کامیاب ہونے والے طلباء کو سند سے بھی نوازا گیا۔
بہار سنی وقف بورڈ کے زیر اہتمام اور آئی سی آئی سی آئی کے تعاون سے ریاست کے اقلیتی طبقہ سے تعلق رکھنے والے طلباء کے لیے جاری مفت ووکیشنل کورس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ اس مرتبہ 59 طلباء میں سے 53 طلباء کو ملک کی الگ الگ کمپنیوں میں ملازمت ملی۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سکریٹری محکمہ اقلیتی فلاح ڈاکٹر سفینہ نے کہا کہ یہ منزل نہیں ایک پڑاؤ ہے، اپنے آپ کو باحوصلہ رکھیں اور زیادہ سے زیادہ بلندی پر پہنچنے کی کوشش کریں، یہ زمانہ کمپٹیشن کا ہے، جب آپ اپنی افادیت ثابت کریں گے تبھی آگے بڑھ سکیں گے۔
بہار کے چیف سکریٹری عامر سبحانی نے طلباء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اپنے کریئر کے آغاز میں جو محنت کر لیتا ہے اس کے لیے بعد کی زندگی آسان ہو جاتی ہے، آپ کو سنی وقف بورڈ کی جانب سے جو مواقع فراہم کرائے گئے آپ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اب روزگار حاصل کرچکے ہیں اور اس کے لیے میں آپ کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں اور روشن مستقبل کی دعا کرتا ہوں۔