بہار کے مختلف اضلاع میں کشتی پلٹنے سے غرقاب بارہ لوگوں کی لاش برآمد ہوئی ہے جب کہ 26 افرا د کی تلاش جاری ہے۔
بہار کے کھگڑیا ضلع کے مفصل تھانہ علاقہ میں گنگا ندی میں کشتی پلٹنے سے ڈوبے سات لوگوں کی لاش برآمد کرلی گئی ہے۔
ضلع مجسٹریٹ آلوک رنجن گھوش نے بدھ کو یہاں بتایاکہ منگل کی دیر شام متھار ، ٹیکارام پور ، ایکنیا اور سونبرسا گاﺅں کے رہنے والے قریب 40 لوگ بازار سے سامان خرید کر کشتی پر سوار ہو کر گھر لوٹ رہے تھے تبھی ایکنیا گاﺅں کے نزدیک کشتی بے قابو ہوکر گنگا ندی میں پلٹ گئی ۔ اس واقعہ میں دس افراد تیر کر باہر آگئے جب کہ تیس لوگوں کے لاپتہ ہونے کا اندیشہ ہے ۔
واقعہ کی جانکاری ملتے ہی ایس ڈی آر ایف کی ٹیم موقع پر روانہ ہوگئی ۔
مسٹر گھوش نے بتایاکہ ایس ڈی آ ر ایف کی ٹیم نے لاپتہ سات لوگوں کی لاش برآمد کر لی ہے۔
مرنے والوں کی شناخت سوشانت کمار (15) شیوانی کماری (14) انکوش کمار (10) ، ویشاکھا دیوی (45) ، روپم دیوی (25) ، دلاری دیوی (25) اور ریکھا دیوی (25 ) کے طور پر کی گئی ہے ۔
لاپتہ دیگر لوگوں کی تلاش کی جارہی ہے ۔ برآمد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیجا جارہاہے ۔
ضلع مجسٹریٹ مسٹر گھوش کے علاوہ کھگڑیا کی پولیس سپرنٹنڈنٹ مینو کماری ، سب ڈویژنل افسر ( صدر ) دھرمیندر کمار ، ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ( ہیڈکوارٹر) پنکج کمار ، کھگڑیا کی رکن اسمبلی پونم دیوی موقع پر پہنچ کر کیمپ کر رہی ہے۔
وہیں بہار میں سہرسہ ضلع کے سلکھوا تھانہ علاقہ میں کوسی ندی کے سیلاب کے پانی میں کشتی پلٹنے سے ڈوبے پانچ لوگوں میں سے باپ ۔ بیٹے سمیت تین کی لاش بدھ کو برآمد کرلی گئی وہیں دو کی تلاش جاری ہے ۔
سمری بختیار پور کے سب ڈویژنل افسر ویریندر کمار نے بدھ کو یہاں بتایاکہ رانی پنچایت کے سوہری گاﺅں کے 13 افراد منگل کی دیر شام ایک کشتی پر سوار ہو کر بازار سے لوٹ رہے تھے تبھی اچانک شروع ہوئی تیز بارش کی وجہ سے کشتی کوسی ندی کے سیلاب کے پانی میں پلٹ گئی۔
اس واقعہ میں آٹھ افراد تیر کر باہر نکل گئے لیکن بقیہ پانچ ڈوب گئے ۔
مسٹر کمار نے بتایاکہ ڈوبے لوگوں کو تلاش کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ نہیں ملے ۔