بارہمولہ (جموں و کشمیر) :ڈسٹرکٹ واٹر اسپورٹس ایسوسی ایشن، بارہمولہ کی جانب سے مشہور و معروف ولر جھیل کی صفائی کے حوالے سے ایک خصوسی مہم چلائی گئی۔ اس پروگرام میں اے ڈی سی سوپور، شبیر احمد رینہ، کے ساتھ ساتھ ڈسٹرکٹ واٹر سپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر مظفر احمد سمیت دیگر کئی محکمہ جات سے وابستہ افسران نے شمولیت اختیار کی۔ اس دوران مختلف اسکولوں سے آئے طلبہ نے بھی ولر جھیل کی صفائی مہم میں شرکت کی۔
طلبہ نے ولر جھیل اور اس کے کناروں پر صفائی کی اور لوگوں کو اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ عوامی مقامات خاص کر وُلر جھیل جیسے تاریخی ورثہ کو بھی صاف رکھنے کا پیغام پہنچایا۔ اس موقع پر اے ڈی سی سوپور نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم سبھی کو چاہیے کہ اس وُلر جھیل کو صاف رکھا جائے کیونکہ دنیا بھر کے ساتھ ساتھ ہندوستان کے مختلف ریاستوں سے سیاح اس جھیل کی سیر کے لیے یہاں آتے ہیں۔‘‘