بارہمولہ:شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے نوپورہ، جاگیر علاقے میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کے سبب لوگوں نے محکمہ جل شکتی کے خلاف ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج درج کیا۔ احتجاج میں سابق ایم ایل اے سنگرامہ، شعیب لون نے بھی شمولیت اختیار کی اور محکمہ جل شکتی، انتظامیہ سے علاقے میں پینے کے صاف پانی کی فراہم کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کی نقل و حرکت بھی متاثر ہوئی۔
مظاہرین میں شامل خواتین، بچوں اور بزرگوں نے محکمہ جل شکتی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: ’’عوام کو پانی جیسی اہم بنیادی ضرورت کی حصولیابی کے لیے روزانہ دور دراز علاقوں سے پانی لانا پڑتا ہے۔‘‘ احتجاجیوں نے دعویٰ کیا کہ عوام کو روزانہ کئی کلومیٹر پیدل چل کر پانی حاصل کرنا پڑتا ہے جو لوگوں کے لیے پریشانی کا باعث بنا ہوا ہے۔