بارہمولہ:گلمرگ میں جاری تیسرے ’’کھیلو انڈیا‘‘ سرمارئی گیمز کے دوسرے روز آئس ہاکی مقابلہ میں یو ٹی لداخ اور یوٹی جموں و کشمیر کے مابین میچ کھیلا گیا۔ مقابلہ کافی دلچسپ رہا اور لداخ یو ٹی ہاکی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر ہاکی ٹیم کو شکست دی۔ دونوں ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے شائقین کی خاصی تعداد موجود تھی۔ جموں و کشمیر ہاکی ٹیم کے کھلاڑی محمد سلمان نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’کھیلو انڈیا‘‘ سرمائی گیمز میں پہلی بار شرکت کرنے سے انہیں نہ صرف حوصلہ ملا ہے بلکہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا بھی ایک بہتر موقع فراہم ہوا ہے۔
انہوں نے کھیلو انڈیا گیمز میں شرکت کا موقع فراہم کیے جانے پر یوتھ سپورٹس کونسل کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ لداخ کے مابین کھیلے گئے میچ کے حوالہ سے تاثرات بیان کرتے ہوئے سلمان نے کہا: ’’مقابلہ قافی دلچسپ رہا، جموں و کشمیر ہاکی ٹیم نے جی توڑ کوشش کی تاہم لداخ نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔‘‘ انہوں نے جموں و کشمیر میں آئیس ہاکی کو فروغ دینے کے حوالہ سے بنیادی انفرا سٹرکچر کو مضبوط بنائے جانے کی اپیل کرتے ہوئے حکام سے آئیس ہاکی ٹرفس تعمیر کیے جانے کی اپیل کی۔
آئس ہاکی ایسو سی ایشن آف انڈیا کے جنرل سیکریٹری، ہرجندر سنگھ، نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی کھیلو انڈیا مقابلوں میں گلمرگ آ چکے ہیں اور یہ ان کا دوسرا موقع ہے۔ انہوں نے کھیلو انڈیا سرمائی کھیل مقابلوں کے دوران بہتر نظم و نسق اور کھلاڑیوں، شائقین کے لیے اقدامات کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اس طرح کے کھیل مقابلوں کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔