بارہمولہ (جموں و کشمیر) :ناردرن ریلوے اتھارٹی نے شمالی کشمیر کے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے متصل سرحدی علاقہ اوڑی تک ریلوے لائن تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا ہے، جس کے لئے سروے کو بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ ریلوے اتھارٹی کی جانب سے ضلع بارہمولہ سے اوڑی تک ریلوے لائن کی تعمیر سے سرحدی قصبہ اوڑی کے باشندوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ ریلوے کشمیر کے چیف ایریا منیجر، ثاقب یوسف، نے کہا ہے کہ ’’اوڑی تک ریلوے لائن تعمیر کرنے کی غرض سے سروے کرانے کے لئے ٹینڈر اجرا کئے گئے ہیں۔ پچاس کلومیٹر طویل یہ ریلوے لائن ضلع بارہمولہ کے مرکزی ریلوے اسٹیشن سے اوڑی تک تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے، جس میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔‘‘
سرحدی قصبہ اوڑی کے باشندوں نے علاقے میں ریلوے لائن کی تعمیر پر خوشی ظاہر کی ہے اور انتظامیہ سے فوراً سے پیشتر ریلوے لائن کی تعمیر پر کام شروع کیے جانے کی بھی گزارش کی ہے۔ ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے کہا: ’’اوڑی سب ڈویژن میں ریلوے لائن کی تنصیب سے نہ صرف لوگوں کو سفر میں آسانی ہوگی بلکہ علاقے کی معیشت میں کافی استحکام ہوگا۔‘‘