بارہمولہ (جموں و کشمیر) : شمالیکشمیر کے بارہمولہ ضلع میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں دو رہائشی مکان خاکستر ہو گئے۔ آتشزدگی کے دوران کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم آگ کے سبب لاکھوں روپے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔ آتشزدگی کی یہ واردات ضلع کے کلانتارا کریری میں جمعہ کی صبح پیش آئی جب ایک رہائشی مکان سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے۔ مقامی باشندوں کے مطابق آگ کی لپٹیں فوراً ہی ایک اور قریبی گھر تک پھیل گئیں ۔
مقامی باشندوں نے فوری طور پولیس اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو مطلع کیا۔ فائر ٹینڈرز نے فوری طور آگ بچھانے کا عمل شروع کیا تاہم آگ نے دونوں رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچایا۔ آگ کے سبب لاکھوں روپے مالیت کی املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئیں۔ پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے معاملہ درج کرکے آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کی غرض سے تحقیقات کا آغاز کر لیا۔ ادھر، مقامی باشندوں نے آگ کے سبب ہوئے نقصان کا جائزہ لینے اور متاثرین کی فوری امداد اور بازآبادکاری کی اپیل کی ہے۔