بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سرحدی قصبہ اوڑی کے چھولا گاؤں میں آگ لگنے سے دو رہائشی مکان اور ایک دکان خاکستر ہو گیا۔ آتشزدگی میں گر چہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم لاکھوں روپے مالیت کا سامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا۔ آتشزدگی متاثرین، مقامی باشندوں نے حکام سے فوری امداد اور بازآبادکاری کا مطالبہ کیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق اوڑی کے چھولا علاقے میں رہائشی مکان سے اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے جس نے آناً فاناً ایک اور رہائشی مکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ آتشزدگی کے فوراً بعد مقامی باشندوں نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم آگ اس قدر بھیانک تھی کہ اس نے ایک اور دکان کو اپنی زد میں لے لیا۔ آتشزدگی کی اطلاع مقامی پولیس اور فائر اینڈ ایمرجنسی کی ٹیم کو دی گئی جنہوں نے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، تاہم اس دوران دو رہائشی مکان اور ایک دکان اور ان میں موجود املاک راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئے۔