بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پولیس نے دو عسکریت پسند معاونین کو قابل اعتراض مواد سمیت حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ایس او جی کریری ، 52 آر آر نے بس اسٹاپ شرکہ وارا کے نزدیک ناکہ لگایا ۔انہوں نے بتایا کہ دو مشتبہ افراد کو جوں ہی رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کی، تاہم سلامتی عملے نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر دونوں کو دھر دبوچ کر سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔
موصوف ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد دونوں کی شناخت توصیف رمضان بٹ ولد محمد رمضان بٹ اور معین امین بٹ عرف مومن ولد محمد امین بٹ ساکن بڈ مولہ شیری بارہمولہ کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ معین امین بٹ کے قبضے سے ایک چینی پستول اور 15گولیوں کے راؤنڈ برآمد ہوئے جبکہ توصیف رمضان بٹ کے قبضے سے ہینڈ گرینیڈ برآمد ہوا۔