بارہمولہ:شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کیری علاقے میں جمعرات کے روز ٹریکٹر کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کے روز بارہمولہ کے فرستہار کریری علاقے میں ٹریکٹر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر سڑک پر الٹ گیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید طورپر زخمی ہوا۔انہوں نے کہا کہ آس پاس موجود لوگوں نے ڈرائیور کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرارد دیا۔متوفی کی شناخت شفقت احمد وانی ولد غلام محمد وانی ساکن واری پورہ کے بطور ہوئی ہے۔پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی۔
مزید پڑھیں:Tourist Dies in Road accident بجبہاڑہ میں سڑک حادثہ، دو سیاح ہلاک، تین دیگر زخمی
واضح رہے کہ ملک بھر میں سڑک حادثات کی وجہ سے ہزاروں افراد اپنی قیمتی جانیں گنوارہے ہیں۔ اور ہزاروں افراد سڑک حادثات میں شدید زخمی ہونے کی وجہ سے معذوری کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ سڑک حادثات کی اہم وجوہات میں لاپرواہی سے گاڑی چلانا، نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا، انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی چلانا وغیرہ شامل ہیں۔ متعلقہ محکمہ کی جانب سے آئے دن اس ضمن میں شعور بیداری مہم بھی چلائی جاتی ہے۔ ہائی ویز پر جگہ جگہ ڈرائیورنگ کے دوران احتیاط برتنے کی ہدایات پر مبنی بورڈ لگائے گئے ہیں، لیکن اس کے باوجود سڑک حادثات میں کمی کے بجائے دن بہ دن اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے۔
بتادیں کہ یونین ٹیریٹری جموں و کشمیر میں گذشتہ 12 برسوں کے دوران 76942 سڑک حادثے درج کیے گئے ہیں۔ ان حادثات میں 12429 افراد ہلاک جب کہ 104983 زخمی ہوئے ہیں۔ جموں و کشمیر ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق، سنہ 2010 سے 2022 کے آخر تک خطے میں 12000 سے زائد افراد سڑک حادثے میں ہلاک ہوئے ہیں۔
(یو این آئی)