سرینگر:وادی کشمیر کے لگ بھگ تمام سیاحتی مقامات کے وسیع و عریض سبزہ زاروں پر برف کی سفید چادر بچھ گئی ہے۔ جہاں موسم گرما میں ان سیاحتی مقامات کی دلکش چراگاہیں سیاحوں کی آنکھوں کے لئے ٹھنڈک کا سامان فراہم کرتی ہیں، وہیں موسم سرما میں جب ان میدانوں پر برف کی چادر بچھ جاتی ہے تو ان کا نظارہ اس قدر قابل دید ہوتا ہے کہ خاص طور پر غیر مقامی سیاح ان سے لطف اندوز ہونے کے لئے بے تاب ہوتے ہیں۔
وادی کے ان سیاحتی مقامات خاص کر مشہور زمامہ سیاحتی مقامات گلمرگ، پہلگام اور سونہ مرگ میں پیر کے روز سیاحوں کو برف باری سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔برف باری کے بیچ یہ سیاح اپنے ہوٹلوں اور ریستوران سے باہر آگئے اور میدانوں میں ان کو برف سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھا گیا اور یہ سیاح خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے۔
بعض سیاحوں کو برف باری کے بیچ ناچتے گاتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ بعض مختلف جگہوں پر کھڑے ہو کر سیلفیاں لیتے ہوئے نظر آئے۔کولکتہ سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح نے میڈیا کو بتایا کہ میں موسم گرما میں گلمرگ کئی بار آیا ہوں اور یہاں کے قدرتی خوبصورتی کے نظاروں سے لطف اندوز ہوا ہوں، لیکن امسال پہلی بار یہاں برف دیکھی۔انہوں نے کہا کہ جس قدر یہاں لطف موسم گرما میں سیر کرنے کو آتا ہے سرما میں برف کے نظارے اس سے بھی زیادہ خوبصورت ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہر سال اس موسم میں یہاں آنے کی کوشش کروں گا۔