بارہمولہ (جموں کشمیر) :موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی کشمیر کے مختلف پناہ گاہوں میں دنیا بھر سے مختلف اقسام کے مہمان پرندے آتے ہیں۔ اس میں سرینگر کے ہوکرسر وٹلینڈ میں سب سے زیادہ تعداد میں مہمان پرندے دیکھنے کو ملتے ہیں، جبکہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے ہائیگام وٹلینڈ میں بھی ہزاروں کی تعداد میں مہمان پرندے آتے ہیں۔ اس سال کشمیر کے بمیار واٹر ریزروائر بونیار اوڑی میں بھی ہزاروں کی تعداد میں مہمان پرندے جمع ہوئے ہیں، جو سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن رہے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیاحوں نے کہا کہ ’’یہ واٹر ریزوائر کافی خوبصورت ہے اور ان مہمان پرندوں کی وجہ سے یہ اور بھی خوبصورت نظر آ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم کشمیر کے مختلف مقامات پر گئے ہیں جو سبھی قابل دید ہے، تاہم سرما کے دوران درجنوں اقسام کے پرندوں کا نظارہ ناقابل بیاں ہے۔‘‘