شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے سوپور قصبہ میں مہاراج پورہ پُل اور مازبگ پُل برسوں سے تشنہ تکمیل ہیں۔
ای ڈی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مہاراج پورہ علاقے میں زیر تعمیر پل پر پچھلے دس برسوں سے کام چل رہا ہے تاہم کام مکمل نہ ہونے سے عوام کو کشتی ذریعے ہی دریا پار کرنا پڑتا ہے۔
سوپور پل برسوں سے تشنہ تکمیل عوام کا کہنا ہے کہ اس پل پر برسوں سے سست رفتاری سے کام کیا جا رہا ہے اور کام شروع ہوتے ہی نا معلوم وجوہات کی بنا پر کام کو اچانک روک دیا جاتا ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس تعلق سے کئی بار ضلع انتظامیہ سے کام میں سرعت لانے کی گزارشات کیں تاہم ’’غریب لوگوں کی کوئی بھی نہیں سنتا۔‘‘
سوپور اور ضلع صدر مقام بارہمولہ کو جوڑنے والے پل کا بھی کچھ یہی حال ہے۔ برسوں سے زیر تعمیر پل عوام کے لیے دشواریوں کا باعث بنا ہوا ہے۔
عوام نے انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’سرکار بنیادی ڈھانچے اور عوام کو راحت پہنچانے کے بلند و بانگ دعوے کرتی ہے تاہم ترقیاتی لحاظ سے زمینی سطح پر کچھ بھی عملایا نہیں جا رہا ہے۔‘‘
اس ضمن میں ای ٹی وی بھارت نے اے ڈی سی سوپور سے بات کرنے کی کوشش کی تاہم کافی کوششوں کے باوجود ان سے رابطہ قائم نہ ہو سکا۔