شمالی کشمیر کے سوپور قصبے میں بدھ کو سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) پر ہوئے حملے کے دوران ہلاک ہونے والے شہری کے تین سالہ نواسے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ اپنے نانا کی ہلاکت کے لیے سیکیورٹی فورسز کو ذمہ دار ٹھہراتا ہے۔
واضح رہے کہ یہ کمسن بچہ اپنے ہلاک شدہ نانا کے ساتھ سوپور میں جائے واردات پر موجود تھا۔ بچے کی کئی دل دوز تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے۔ اس حملے میں سی آر پی ایف کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا جبکہ دیگر تین زخمی ہوئے تھے۔
اس کمسن بچے کی دو و یڈیو سوشل میڈیا پر شائع کی گئی ہیں جس میں یہ بچہ کہہ رہا ہے کہ 'پولیس نے انکے نانا پر گولیاں چلائی۔'
ویڈیو میں بچہ کسی رشتہ دار خاتون کے ساتھ باتیں کرتا دیکھا جاسکتا ہے جس میں یہ کہہ رہا ہے کہ 'پولیس والے نے انکے نانا پر گولی چالائی۔'
ایک دوسری ویڈیو میں یہ کمسن بچہ ایک شخص کے ساتھ، جو ویڈیو میں نظر نہیں آ رہا ہے، کو جواب دیتے ہوئے کہتا ہے کہ 'اسکے نانا پر پولیس نے گولیاں چلائی۔'
قابل ذکر ہے کہ ہلاک شدہ معمر شہری کے لواحقین نے بھی سی آر پی ایف پر الزامات عائد کیا ہے کہ ان کو حملے کے عینی شاہین سے معلوم ہوا ہے کہ سی آر پی ایف نے حملے کے دوران بشیر احمد خان کو گاڑی سے اتار کر اس پر گولیاں چلائی جس سے وہ جاں گنوا بیٹھا۔