بارہمولہ:سرحدی قصبہ اوڑی کے بونيار علاقے میں متعدد دیہات کی سڑکوں پر ابھی بھی برف جمع ہیں جس سے عوام کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ وادی کشمیر میں ہوئی حالیہ برفباری کے بعد گرچہ انتظامیہ نے ٹاؤنز سمیت قصبہ جات کی سڑکوں پر جمع برف کو ہٹانے کا کام مکمل کر لیا ہے تاہم دور دراز علاقہ جات میں ابھی بھی سڑکوں پر برف کی موٹی تہہ جمع ہے۔
بونیار، اوڑی کے چو ڈالی، گڈ حل، میدان، بارین، چونڈا، بٹگرام ان اور جھولن جیسے متعدد دیہات کی سڑکوں پر برف جمع ہیں جسے صاف کرنے کا عمل ابھی تک مکمل نہیں کیا گیا۔ ان علاقوں میں رہائش پذیر لوگوں کو عبور و مرور میں دقتوں کا سامان کرنا پڑ رہا ہے۔ برفباری کے بعد ان علاقوں میں معمولات زندگی کافی متاثر ہوئی ہیں۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے سڑکوں پر جمع برف کے باعث بجلی نظام بھی متاثر ہے اور متعلقہ محکمہ جات کے عملہ کو بجلی کا نظام بہتر بنانے میں دقتیں پیش آ رہی ہیں۔