سرینگر: محکمہ موسمیات کی پیشین گوئی کے عین مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں جمعرات کی شام سے برف وباراں کا سلسلہ شروع ہوا۔معلوم ہوا ہے کہ مغل شا ہراہ پر تازہ برف باری کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔حکام نے سیاحتی مقام گلمرگ جانے والے افراد کو مشورہ دیا ہے کہ وہ 4*4گاڑیوں کا استعمال کریں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف و باراں اور میدانی علاقوں میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر کے بالائی علاقوں میں جمعرات کی شام سے برف وباراں کا سلسلہ شروع ہونے کے ساتھ ساتھ ہی کئی شاہراﺅں پر ٹریفک کی آمدورفت میں خلل پڑا۔
ذرائع نے بتایا پیر کی گلی ، سادھانا ٹاپ ، زوجیلا پاس اور سیاحتی مقامات جن میں گلمرگ ، سونہ مرگ اور پہلگام شامل ہیں کے اوپری پہاڑوں پر رک رک کر برف باراں جاری ہے۔
دریں اثنا سب ڈویژنل مجسٹریٹ گلمرگ نے جمعرات کی شام کو جاری کئے گئے ایک حکم نامہ میں بتایا کہ محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق گلمرگ میں برف باری کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ برف و باراں سے شاہراہ پر پھسلن کی وجہ سے حادثات رونما ہونے کا احتمال ہے جنہیں روکنے کے لئے صرف 4*4گاڑیوں کو ٹنگمرگ سے گلمرگ شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جن گاڑیوں کے ٹائروں پر پھسلن سے محفوظ رہنے کی خاطر چینیں نصب کی گئی ہوں، انہیں بھی ٹنگمرگ سے گلمرگ تک چلنے کی اجازت دی جائے گی۔سب ڈویژنل مجسٹریٹ نے مزید بتایا کہ اس حکم نامہ پر من و عن عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے
ادھر محکمہ موسمیات کے سربراہ (لہیہ اسٹیشن) سونم لوٹس نے شام دیر گئے بتایا کہ جمعرات کے روز لداخ میں بھی موسم نے کروٹ لی ۔ان کے مطابق پہاڑوں پر تازہ برف و باراں جاری ہے جبکہ کہیں کہیں پر بارشیں بھی ہو رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران یونین ٹریٹری جموں وکشمیر اور لداخ میں برف و باراں اور بارشیں متوقع ہے۔