بارہمولہ (جموں کشمیر) :ٹاٹا ٹیکنالوجیز اور سکل ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ، جموں کشمیر، کے اشتراک سے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں قائم گورنمنٹ پالی ٹیکنیک کالج میں قریب 18روزگار بخش کورسز شروع کیے گئے ہیں۔ جموں کشمیر کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو پالی ٹیکنیک کالج کی جانب سے متعارف کیے گئے ٹیکنیکل کورسز میں جدید ترین ٹیکنالوجی اور مشینری کے استعمال میں ڈگری حاصل کرکے آسانی سے روزگار کے وسائل تلاش کرنے کی امید ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران آئی ٹی آئی کورسز کے پروگرام انچارج پروز احمد بٹ نے کہا کہ بارہمولہ کے ٹیکنیکل کالج میں مختلف اور جدید ترین کورسز شروع کیے گئے ہیں جن میں خاص طور پر آٹو موبائلز Automobiles اور Manufacturing industries کے مختلف کورسز قابل ذکر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ برقی رو سے چلنے والی گاڑیوں اور مشینز کے بڑھے رجحان کے پیش نظر الکٹریکل وہیکلز کو سمجھنے اور ایسی کارز، مشینز کے رپئر وغیرہ کے مختلف کورسز بچوں کو کرائے جاتے ہیں جن میں ان مشینز کے سافٹ ویئر کو سمجھنے کے لیے خصوصی ٹریننگ فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا بچوں کو Robotics کے پروگرامنگ کے بارے میں بھی کورز کرایا جاتا ہے تاکہ وہ دنیا کے کسی بھی کونے میں اپنا روزگار حاصل کر سکیں۔ پرویز احمد کے مطابق ’’وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کہ ہمارے بچے ٹیکنالوجی سے آراستہ ہوں، اور یہاں B tech اور M tech کی ڈگری حاصل کرنے والے طلباء بھی یہاں مختلف کورسز میں داخلہ لیکر جدید ترین ٹیکنالوجی کو سمجھنے کے لیے آتے ہیں جو کہ کافی خوش آئند ہے۔‘‘