بارہمولہ: جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں دو الگ الگ واقعات میں ایک خاتون سمیت 7 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق منشیات فروشوں میں سے تین کو ایک ناکہ کے دوران شیری میں جبکہ ایک خاتون سمیت چار دیگر کو بونیار میں گرفتار کیا گیا۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر بارہمولہ پیر زادہ اعجاز احمد کی نگرانی میں انسپکٹر وسیم جہانگیر، ایس ایچ او پولیس اسٹیشن شیری، کی مدد سے شیری مارکیٹ میں ایک ناکہ کے دوران تین منشیات فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ ناکہ پارٹی کو دیکھ کر منشیات فروشوں نے فرار ہونے کی کوشش کی لیکن انہیں دھر لیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ذاتی تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 63 گرام برائون شوگر جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا اور تینوں کو فوری طور حراست میں لیا گیا۔ گرفتار شدگان کی شناخت زبیر احمد پنڈت ولد محمد حیات پنڈت ساکن گانٹہ مولہ پائین، وحید بشیر ولد بشیر احمد لون اور مشتاق احمد لون ولد علی محمد لون ساکنان فتح شیری کے بطور کی گئی ہے۔ پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ اسی نوعیت کے ایک اور واقعے میں پولیس نے بارہمولہ کے ہی بونیار علاقے میں ایک خاتون سمیت چار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پولیس نے ایس ڈی پی او اوڑی شوکت علی کی نگرانی میں ڈی ایس پی کبریٰ نذیر کی مدد سے ایس ایچ او بونیار نے بونیار میں ایک ناکے دوران چار منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔