بارہمولہ (جموں و کشمیر) :معاشرے میں منشیات کے بڑھتے رجحان اور جرائم میں ہو رہے بے تحاشا اضافہ کو مد نظر رکھتے ہوئے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں ’’لیٹس ریچ‘‘ نامی ایک غیر سرکاری تنظیم نے فوج کے اشتراک سے ایک خصوصی تربیتی/آگاہی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔ پروگرام میں مقامی ائمہ مساجد، خطباء اور علماء دین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔
پروگرام میں بارہمولہ قصبہ سمیت مختلف علاقوں سے آئے مقررین، مبلغین اور علماء کرام نے موجودہ دورہ میں اصلاح معاشرہ پر زیادہ توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ معاشرے میں تیزی سے پھیل رہی برائیوں کو روکنے کے لیے صرف سرکاری محکمہ جات ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اس حوالہ سے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے پروگرام کے منتظم عابد سلام نے کہا کہ پروگرام کے انعقاد کا مقصد کشمیر میں بڑھتے جرائم کے پیش نظر ایک ذمہ دار شہری ہونے کی حیثیت سے لوگوں خاص کر خطباء اور ائمہ مساجد کو عوام میں اس حوالہ سے شعور بیداری پیدا کرنے کے لیے ابھارنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے بڑھتے رجحان اور جرائم کے حوالہ سے لوگوں کو آگاہ کرنے میں خطباء اور علماء کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔