بارہمولہ (جموں کشمیر) :وائلڈ لائف ٹرسٹ آف انڈیا اور ڈپارٹمنٹ آف وائلڈ لائف، بارہمولہ کی اشتراک سے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں مارخور اور ہانگول کے تحفظ کے لئے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا جس میں وائلڈ لائف وارڈن بارہمولہ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جبکہ محکمہ کے دیگر عہدیداروں کے علاوہ ضلع بارہمولہ سمیت دیگر اضلاع سے منسلک محکمہ وائلڈ لائف کے عارضی ملازمین کی خاصی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر پروگرام کے منتظم سمیر احمد نے کہا: ’’ اس پروگرام کے انعقاد کا مقصد محکمہ وائلڈ لائف کے عارضی ملازم کو مارخور اور ہانگُل جانوروں کی تحفظ کے بارے میں حکومتی سطح پر اٹھائے جا رہے اقدامات اور محکمہ پر عائد ذمہ داریوں سے واقف کرانا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ملازمین کو نہ صرف اس حوالہ سے ٹریننگ دی گئی بلکہ انہیں مختلف حفاظتی آلات بھی فراہم کیے گئے، تاکہ انہیں ڈیوٹی انجام دینے کے دوران کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔