شمالی کشمیر کے اُڑی سیکٹر میں جمعہ کو بھارتی اور پاکستانی افواج کے درمیان شدید گولہ باری کی وجہ سے 5عام شہری اور 2 فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں دو فوجی بھی شامل ہیں۔
گولہ باری کے دوران اڑی کنٹرول لائن پر واقع دیہات میں تقریبا ایک درجن رہائشی مکان بھی تباہ ہوگئے، اڑی کے مقامی لوگوں میں گزشتہ روز ہونے والی تباہ کن گولہ باری سے خوف اور دہشت کا ماحول ہے، مقامی لوگوں کے مطابق شیلنگ سے انہیں ہر وقت خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے، لیکن دونوں ملک پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔
واضح رہے کہ حاجی پیر اور کمل کوٹ سیکٹروں میں جمعہ کو تقریبا 12 بجے ہند پاک افواج کے درمیان شدید گولہ باری شروع ہوئی، جس کے بعد دونوں کے درمیان مورٹار سے شیلنگ کی گئی، جس کی وجہ سے 2 فوجی ہلاک ہوگئے، جن کی شناخت سبودھ گھوش اور ہردھن چندر رائے کے طور پر ہوئی ہے۔