ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد علاقے سے تعلق رکھنے والے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما اور نائب صدر میونسپل کمیٹی وتر گام معراج الدین ملہ کے کنبہ والوں نے اغوا کاروں سے معراج کو رہا کرنے کی اپیل کی ہے۔
معراج الدین کے بڑے بیٹے کا کہنا ہے کہ انہیں صبح فون کال آیا کہ ان کے والد کو اغوا کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد کے ساتھ ان کا ایک مقامی دوست بھی تھا۔ دوست کے مطابق چار - پانچ افراد نمودار ہوئے اور معراج کو گاڑی میں اپنے ساتھ زبردستی لے گئے اور اُن کا فون مجھے دے دیا۔
معراج کی بیٹی کا کہنا ہے کہ 'ہمارے والد کنبہ کا اکلوتا سہارا ہے۔ ہم اغوا کاروں سے اپیل کرتے ہیں کہ انہیں بحفاظت رہا کیا جائے۔'
معلوم ہوا ہے کہ معراج الدین کے گھر میں ان کی بیوی، دو بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ کنبہ کے افراد کا کہنا ہے کہ 'معراج الدین کے بغیر ہمارا کوئی سہارا نہیں ہے۔ ہم اپیل کرتے ہیں کہ جنہوں نے بھی ان کے والد کو اغوا کیا ہے وہ اپنے فیصلہ پر نظرثانی کر کے انہیں رہا کریں۔'
یہ بھی پڑھیں: بی جے پی رہنما شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع سے اغوا
ادھر ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا "آج صبح معراج الدین ملہ کو نامعلوم افراد نے وتر گام میں ان کی رہائش گاہ کے قریب سے سینٹرو کار میں اغوا کیا۔ اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور نامعلوم افراد کی گرفتاری کے لئے تلاشی کارروائی شروع کی گئی ہے۔