بارہمولہ:شمالی کشمیر میں ضلع بارہمولہ کے سرحدی علاقے اوڑی میں گھر کوٹ علاقے کے باشندوں نے پی ایم جی ایس آئی (PMGSY) کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکام پر ان کے علاقہ کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا۔ احتجاج میں شامل لوگوں نے بتایا کہ تین برسوں سے سڑک پر کام جاری ہے تاہم رابطہ سڑک ابھی بھی نا مکمل ہے اور سڑک انتہائی خستہ حال ہونے سے لوگوں کو عبور و مرور میں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
گھرکوٹ علاقے سے تحصیل صدر مقام آئے لوگوں نے سب ڈویژن مجسٹریٹ، اوڑی کے دفتر کے باہر احتجاج کیا۔ انہوں نے محکمہ پی ایم جی ایس آئی کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ احتجاجیوں نے بتایا کہ ’’مری کلر رابطہ سڑک کئی برسوں سے خستہ حالی کی شکار ہے، برسوں سے کام جاری ہے تاہم نامعلوم وجوہات کی بنا پر سڑک کی تعمیر مکمل نہیں ہو پا رہی جس کا خمیازہ راہگیروں، مقامی باشندوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ خستہ حال سڑک کے گرد دیواربندی نہ ہونے اور پختہ ڈرین نہ ہونے کے سبب کھیتوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔