بارہمولہ (جموں و کشمیر):لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ کی جانب سے جہاں وادی کشمیر کے طول و ارض میں گذشتہ برسوں کے دوران ترقیاتی کاموں میں سرعت لائے جانے اور عوام کو راحت پہنچانے کے بلند و بانگ دعوے کیے جا رہے ہیں۔ وہیں متعدد علاقوں میں لوگ آج بھی بجلی اور پانی کی عدم دستیابی، سڑک اور ڈرینیج کی خستہ حالی پر احتجاج کرنے کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں، انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ جات کے دفاتر کے چکر کاٹ رہے ہیں۔
شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں سوپور، رفیع آباد کی الصفا کالونی میں لوگوں کو سڑکوں کی خستہ حالی اور ناکارہ ڈرینیج سسٹم سے سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مقامی بی جے پی کے لیڈر، عبد الحمید بٹ، نے الصفا کالونی کا دورہ کیا اور لوگوں کے ساتھ مختلف امور خاص طور پر بنیادی ضروریات کے حوالہ سے مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالہ سے متعلقہ حکام کے ساتھ گفتگو کریں گے اور خاص طور پر خستہ حال سڑکوں اور ناقص ڈرینیج کی مرمت سے عوام کو جلد راحت پہنچائی گی۔