بارہمولہ: جموں وکشمیر پولیس نے بارہمولہ میں ایک منشیات فروش کے دو منزلہ مکان کو منسلک کر دیا ہے اور زائد از 69 لاکھ روپیے نقدی ضبط کیے ہیں۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس نے تمام قانونی لوازمات کی ادائیگی کے بعد ایک منشیات فروش کے دو منزلہ مکان جس کی قیمت 21.97 لاکھ روپیے ہے، کو منسلک کر دیا ہے اور اس کے علاوہ 69.20 لاکھ روپیے نقدی ضبط کیے ہیں۔بیان میں اس منشیات فروش کی شناخت غلام رسول شیخ ولد عبدالعزیز شیخ ساکن نمبلہ اوڑی کے بطور کی گئی ہے۔
پولیس بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اوڑی میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ایک کیس درج کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 'تحقیقات سے ثابت ہوا کہ منشیات فروشوں نے یہ منقولہ/ غیر منقولہ جائیداد غیر قانونی ٹریفکنگ کی وساطت سے کھڑا کی تھی'۔