کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر مادہ روسی سفیدوں سے نکلنے والی روئی عام لوگوں کو زکام، کھانسی اور الرجی میں مبتلا کر سکتی ہے۔
بارہمولہ: مادہ روسی سفیدوں کو کاٹنے کا مطالبہ جس کو لے کر جہاں وادی بھر میں اس کی کٹائی شروع کی گئی تھی۔ وہیں ضلع بارہمولہ میں بھی مادہ روسی سفیدوں کو کاٹنے کا عمل سرکاری طور پر شروع کیا گیا تھا۔
ضلع انتظامیہ بارہمولہ نے تحصیل، بلاک اور پنچائت کی سطح پر تمام لوگوں کو یہ سفیدے کاٹ دینے کے احکامات جاری کر دیے جس دوران کئی ہزار مادہ سفیدوں کو کاٹ دیا گیا۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ اگرچہ انہوں نے لاکھوں روپے مالیت کے اپنے سفیدوں کا تہہ تیغ کر ڈالا۔ تاہم اچانک اس مہم میں روک لگنے کی وجہ سے وہ کافی فکرمند ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس مہم کو آگے بڑھایا جائے تاکہ ان سفیدوں سے نکلنے والی روئی سے لوگ محفوظ رہ سکیں۔
واضح رہے کہ ان سفیدوں سے نکلنے والی روئی اس موسم میں لوگوں کے لیے وبال جان بن جاتی ہے اور لوگ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
جانکاروں کی مانیں تو اس روئی سے سانس، چھاتی کے امراض اور نزلہ زکام جیسی بیماریوں میں اس موسم کے دوران اضافہ دیکھا جا رہا ہے جس کی وجہ سے صرف اور صرف ان سفیدوں سے نکلنے والی یہی روئی ہے۔