جموں و کشمیر پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ پٹن میں دو روز قبل جموں و کشمیر بینک کی ایک شاخ کو لوٹنے والے تین افراد کو دو پستول سمیت گرفتار کر لیا ہے۔
پٹن بینک ڈکیتی: تین افراد گرفتار ایس ایس پی بارہمولہ رئیس احمد نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ملیٹنٹ ماڈیول کا پردہ فاش کر کے تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان تینوں نے 2 روز قبل پٹن میں بینک کو لوٹ لیا تھا۔
بتا دیں کہ پٹن کے شیر آباد کھور علاقے میں 22 اپریل کو پی پی ای کٹ پہنے تین اسلحہ برداروں نے جموں و کشمیر بینک کی ایک شاخ سے بندوق کی نوک پر 2 لاکھ 86 ہزار روپے لوٹ لئے تھے اور بینک کے ایک محافظ کی رائفل بھی چھین لی تھی۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ پولیس نے بینک محافظ سے چھینی گئی رائفل اور موقع سے فرار ہونے کے لیے استعمال کی جانی والی گاڑی کو شمالی کشمیر کے کنزر علاقے سے برآمد کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے گذشتہ شام تینوں لٹیروں کو دو پستول سمیت گرفتار کیا۔ رئیس احمد نے کہا کہ یہ تینوں ماضی میں پیش آنے والی کم سے کم تین بینک ڈکیٹی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ جن میں گرامین بینک، جموں و کشمیر بینک شامل ہیں۔
انہوں نے کہا یہ ملیٹنٹ ماڈیول تھا اور پولیس نے اس کا پردہ فاش کیا ہے۔ یہ عسکری تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ تھے اور متعدد عسکری کاروائیوں میں ملوث تھے۔ 11 اپریل کو ضلع بڈگام میں ایک عام شہری کی ہلاکت میں ان کا ہاتھ تھا۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ان کی شناخت نثار احمد بٹ ولد غلام محمد بٹ ساکنہ چھانہ پورہ سنگھ پورہ، راہل احمد پرے ولد بشیر احمد پرے کنہامہ ماگام اور محمد عارف میر ولد غلام احمد میر مزہامہ ماگام کے بطور ہوئی ہے۔