بارہمولہ (جموں و کشمیر) :شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں تحصیل ہیڈ کوارٹر، سوپور کی معروف زرعی یونیورسٹی اسکاسٹ، وڈورہ میں یک روزہ سیمنار کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ منشیات کے مضر اثرات اور اس کی روک تھام میں عوامی کردار پر منعقدہ سیمنار میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں طلبہ، ڈاکٹرز، اساتذہ، ہیلتھ ورکرز پولیس اور سیول انتظامیہ کے افسران کی خاصی تعداد بھی شامل تھی۔ سیمنار کے دوران مدعو کیے گئے مقررین نے منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں سیر حاصل بحث کی جبکہ شرکاء خاص کر طلبہ کو منشیات سے دور رہنے کی تلقین کی گئی۔
سیمنار کے دوران لوگوں کو معاشرے میں منشیات کے بڑھتے رجحان اور منشیات فروشی کے بڑھتے نیٹ ورک کے بارے میں باخبر کیا گیا۔ مقررین نے شرکاء کو منشیات کے خلاف حکومتی جنگ میں مکمل تعاون فراہم کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ مقررین نے منشیات کی لت میں پھنسے افراد خاص کر نوجوانوں کی کاؤنسلنگ کرنے جبکہ منشیات فروشی کو معاشرے سے جڑ سے ختم کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔ مدعو کیے گئے ڈاکٹروں، لیکچررز، طلبہ سمیت پولیس افسران نے بھی منشیات کے حوالہ سے اپنے اپنے نقطہ نظر بیان کیے اور اس بات پر اتفاق کیا کہ منشیات کے خلاف جنگ صرف سرکاری محکمہ جات کا کسی مخصوص ادارے کی نہیں بلکہ سبھی شہریوں کی ملی ذمہ داری ہے۔