بارہمولہ (جموں کشمیر) :شمالی کشمیر کے گورنمٹ ڈگری کالج (جی ڈی سی) بارہمولہ کی جانب سے ایک روزہ میڈیا فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں درجنوں میڈیا طلبہ نے شرکت کی اور اپنے تخلیقی کام کی فوٹوگرافی اور فلمز کے ذریعے نمائش کی۔ جی ڈی سی بارہمولہ کی جانب سے میڈیا فیسٹیول کی تشہیر کے بعد کالج کو جموں و کشمیر سمیت بیرون ریاستوں کے کالجز اور یونیورسٹیز کے طلبہ کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئیں۔
کالج انتظامیہ کے مطابق صحافت سے جڑے ابھرتے ہوئے طلبہ کو اپنے تخلیقی کام کو ظاہر کرنے اور انہیں ایک بہتر پلیٹ فارم مہیا کرانے کی غرض سے گورنمنٹ ڈگری کالج (جی ڈی سی) بارہمولہ کے شعبہ صحافت نے کالج کیمپس میں یک روزہ میڈیا میلے کا اہتمام کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فوٹوگرافی مقابلے میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں زیر تعلیم طالب دانش رضا نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ علاوہ ازیں ایک روزہ میلے میں مختلف یونیورسٹیز، کالجز کے طلبہ نے شرکت کی جن میں گورنمنٹ کالج فار ویمن ایم اے روڈ سرینگر، گورنمنٹ ڈگری کالج اننت ناگ، کشمیر یونیورسٹی، کلسٹر یونیورسٹی سرینگر اور بارہمولہ کے کالجز کے طلباء بھی شامل ہیں۔